افتتاحی میچ میں روس کی سعودی عرب کو پانچ، صفر سے شکست

ماسکو:  فیفا ورلڈ کپ کے پہلے امتحان میں سعودی عرب کی ٹیم ناکام رہی، میزبان ملک روس نے ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کے سہارے افتتاحی معرکے میں پانچ، صفر سے جیت کا بگل بجا دیا۔

فیفا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ ماسکو کے لوزنیکی سٹیڈیم میں کھیلا گیا گروپ اے کا افتتاحی میچ ابتدا سے ہی روسی ٹیم کے ہاتھوں میں رہا جس کی جانب سے بارہویں منٹ میں لوری گازنسکی نے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ کھیل کے 43 ویں منٹ میں ڈینس چیری شیف نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو کھیل پر پوری طرح حکمران کر دیا۔

پہلے ہاف میں روس کو دو، صفر کی برتری حاصل تھی جس کو دوسرے ہاف میں اس وقت مزید تقویت ملی جب کھیل کے 71 ویں منٹ میں آرٹم ڈیزیوبا نے تیسرا گول کر کے سعودی ٹیم کے کھیل میں واپس آنے کے امکانات کو کم و بیش ختم کرڈالا۔ کھیل اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو چکا تھا تو سعودی عرب کے کمزور دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انجری ٹائم میں ڈینس چیری شیف اور گولووین نے چار منٹ میں مزید دو گول کر کے میزبان ٹیم کو پانچ، صفر کے بھاری فرق سے کامیابی دلا دی جس کی درحقیقت کوئی امید نہیں کی جا رہی تھی۔

روسی کوچ سٹینس لاف چرچی شوف کامیابی کے بعد پرجوش دکھائی دیئے جنہوں نے میدان سے باہر آنے والے روسی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے قبل انہیں سلیوٹ بھی کیا۔ روسی ٹیم نے سعودی گول پوسٹ پر 13 حملے کئے جن میں سے سات آن ٹارگٹ تھے اور یہی وجہ ہے کہ پانچ گول سکور کئے گئے۔ مجموعی اعتبار سے کھیل صاف ستھرا تھا جس کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک، ایک کھلاڑی کو پیلا کارڈ دکھایا گیا البتہ سعودی عرب کی جانب سے دس فاؤلز کے مقابلے میں روسی کھلاڑیوں نے 22 فاؤلز کئے۔

Comments
Loading...