برطانوی سرمایہ کاروں کو سندھ میں ترغیبات کی پیشکش

کراچی: 

سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے صوبے میں برطانوی سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کے لیے کاروباری لاگت میں کمی اصلاحی پروگرام اور ترغیبات کے تحت مطلوبہ تمام سہولتیں فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

یہ پیشکش ایس بی آئی کی چیئرپرسن ناہید میمن نے منگل کوایس بی آئی کا دورہ کرنے والی برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلن برنزسے ملاقات کے دوران کی۔ ناہیدمیمن نے انھیں ایس بی آئی کے تمام اسٹریٹجک یونٹس اور پروجیکٹس کے ساتھ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور سکھرچیمبر آف کامرس اور خیرپور اسپیشل اکنامک زون کے دورے کی دعوت دی جسے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے قبول کر لیا۔ ناہید میمن نے بتایا کہ سندھ میں زرعی شعبے کے علاوہ متعدد دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز(ایس ای زیز)، سرمایہ کاروں کو پیش کردہ ترغیبات، کاروباری سہولتوں اور کاروباری لاگت میں کمی کے لیے جاری اصلاحی پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ڈپٹی ہائی کمشنر نے سندھ کی کثیرجہتی ثقافت کو بھی سراہا اور برطانوی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Comments
Loading...