پیپلز پارٹی کے رہنما میر شبیر بجارانی بلا مقابلہ منتخب

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر شبیر علی خان بجارانی کشمور سے سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 سے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

اس حلقے میں میر شبیر علی بجارانی کے مدمقابل واحد امیدوار کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیئے تھے۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے میر شبیر بجارانی کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا پبلک نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کسی حلقے میں صرف ایک ہی امیدوار ہو تو پھر اس کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا پبلک نوٹس جاری کر دیا جاتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امیدوار کی فتح کا نوٹیفکیشن 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد جاری کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میر شبیر علی بجارانی نے پہلے پیپلز پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرکے گرینڈ ڈیموکریٹکس الائنس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم بعدازاں اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں معاملات طے پا جانے کے بعد انہوں نے پیپلز پارٹی میں واپسی کا اعلان کیا۔

میر شبیر علی بجارانی پیپلز پارٹی کے متوفی رہنما میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو گولی مار کر خود بھی خودکشی کر لی تھی۔

Comments
Loading...