کراچی کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش ہورہی ہے، فاروق ستار

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کارکنوں کی گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جائے یہ چھاپے اور گرفتاریاں کیوں کی جا رہی ہیں ؟ پورے ملک میں سرکاری تنصیبات پر بھی سیاسی جماعتوں کے بینرز لگے ہیں، بینرز لگنے نہ دینا ثابت کرتا ہے کہ کون منظور نظر ہے اور کون منظور نظر نہیں۔ کارکنوں میں ڈر اور خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ہے جس پر تشویش ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھے سے بھی کم گنا گیا۔ کراچی میں کسی جگہ میں پچاس ہزار افراد پر صوبائی اسمبلی کی ایک نشست ہے جب کہ کہیں تین لاکھ ووٹرز کا ایک حلقہ ہے۔

نوازشریف کی سزا کے فیصلے سے متعلق فاروق ستار نے کہا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ وہ نیب اور احتساب عدالتوں کا نظام درست کریں گے، وہ پانچ سال حکومت میں رہے لیکن نیب قوانین میں ترمیم نہیں کی۔ اس لئے (ن) لیگ کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ان کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے، اب  نواز شریف کو وطن واپس آکر گرفتاری دینی چاہیے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ انتخابی مہم چلانے کے لئے ایم کیو ایم کے پاس دفاتر تک نہیں ہیں، لیکن 25 جولائی کو تبدیلی آئے گی اور ایم کیو ایم منتخب ہوگی، یہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے، عوام کو اس کے صبر کا پھل ملنے والا ہے، اس بار پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں ہوگی۔

Comments
Loading...