جیل اور قید میرا عوام کے ساتھ رشتہ ختم نہیں کر سکتی، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل اور قید میرا اور عوام کا رشتہ نہیں توڑ سکتی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اڈیالہ جیل سے قوم کے نام اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم وطنو سے دور رکھنے کے لیے مجھے قید میں ڈال دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اور پوری قوم کی بیٹی قید میں ہے لیکن یہ نہیں جانتے کہ جیل اور قید میرا اور آپ کا رشتہ ختم نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نا آمر یہ رشتہ توڑ سکا نا آج ڈوریں ہلانے والے یہ رشتہ توڑ سکیں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا جھنڈا اٹھا کر نکلا ہوں اور ہمیں 70 سال سے جاری اس کھیل سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ 25 جولائی کو عظیم الشان فتح کا یادگار دن منانے کے لیے میدان میں نکلیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے عوام سے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کو تشویش ناک حالت میں اللہ کے سپرد کر کے آیا ہوں۔

خیال رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بالترتیب 11، 8 اور ایک سال کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لندن سے وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں نیب حکام نے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تھا۔

Comments
Loading...