ملک میں کاروں کی پیداوار 2 لاکھ یونٹس سالانہ سے تجاوز کر گئی، پاما

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) پاکستان آٹو موٹیو ایسوسی ایشن (پاما) نے کہا ہے کہ ملک میں تیار کی جانے والی کاروں کی پیداوار 2 لاکھ یونٹس سالانہ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ نئی آٹو پالیسی کے تحت گاڑیاں تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبہ میں سرمایہ کاری سے پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ 1996ءکے مقابلہ میں کاروں کی مقامی پیداوار میں 566 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹو موٹیو ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق 1996ءکے دوران ملک میں 30 ہزار کاریں تیار کی گئی تھیں جن کی پیداوار میں مسلسل اضافہ کا رجحان رہا۔ سال 2007ءکاروں کی پیداوار کے حوالے سے بہترین سال تھا جب مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کی پیداوار ایک لاکھ 76 ہزار یونٹس کی ریکارڈ سطح تک بلند ہو گئی تاہم گاڑیوں کی طلب میں اضافہ اور شعبہ میں کی جانے والی اضافی سرمایہ کاری سے پیداوار میں اضافہ سے کاروں کی پیداوار سالانہ 2 لاکھ یونٹس سے تجاوز کر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت شعبہ میں نئی کمپنیوں کی شمولیت سے گاڑیوں کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس وقت شعبہ سے 20 لاکھ افراد کا بلاواسطہ یا بالواسطہ روزگار منسلک ہے اور نئی کمپنیوں کی شمولیت سے روزگار کی فراہمی میں مزید اضافہ ہوگا۔

Comments
Loading...