دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹ سے شکست دیدی

بلاوایو: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

زمبابوے کے شہر بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوین الیون 49.2 اوورز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا 59 اور پیٹر مور 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ دیگر بلے بازوں میں تاریسائی مساکندا 24، ریان مری 16، ڈونلڈ ٹریپانی 13 اور ویلنگٹن مساکدزا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے عثمان خان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کیے، حسن علی نے 3 اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں فخر زمان کی سنچری کی بدولت پاکستان نے ہدف باآسانی 36ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

وہ 117 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ امام الحق 44 اور بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

زمبابوے کا کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ اننگز کی واحد وکٹ امام الحق کی صورت میں گری جو رن آؤٹ ہوئے۔

سنچری اسکور کرنے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments
Loading...