فلم کی ریلیز سے قبل مایا علی کا ’طیفے‘ کیلئے جذباتی پیغام

پاکستان کی خوبرو اداکارہ مایا علی کی ڈیبیو فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کل 20 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی لیکن اس سے قبل انہوں نے اپنے ساتھی اداکار ’طیفا‘ یعنی علی ظفر کے لیے جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر مداحوں سے شیئر کیا ہے۔

اداکارہ نے فلم کی تشہیر کے دوران علی ظفر کے ساتھ لی گئی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے طیفے کو قابل ستائش قرار دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

مایا علی نے فلم کے پہلے دن سے لے کر آخری تاریخ تک اپنے تجربے کو بہترین اور خوبصورت سفر قرار دیا اور بتایا کہ انہوں نے عکس بندی کے دوران ٹیم، کاسٹ، اسٹائلسٹ اور وارڈروب کو گھبراتے دیکھا لیکن کبھی بھی علی کو ہمت ہارتے نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’علی کے ساتھ کام کرنا ایک اعزاز ہے، ان کا اللہ پر مضبوط بھروسہ ہے اور ان کی کامیابی کی چابی مثبت اور صبر سے رہنا ہے‘۔

مایا علی نے کہا کہ میں نے علی ظفر سے بہت کچھ اچھا اور مثبت سیکھا ہے اور میں نہیں کہہ سکتی کہ علی سے بہترین کوئی ساتھی اداکار میری ڈیبیو فلم میں ہوتا۔

انہوں نے بتایا کہ علی ظفر نے پوری جی جان اس فلم میں لگادی ہے جسے کل سب دیکھ سکیں گے۔

اداکارہ نے علی ظفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اب یہ آپ کا وقت ہے راک اسٹار، جب نیت صاف ہوتی ہے تو راستے آسان ہو ہی جاتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ فلم کے ٹریلر نے پہلے ہی دھوم مچا رکھی ہے جبکہ اس کے گانے بھی سوشل میڈیا پر خاصے پسند کیے جارہے ہیں۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹر ٹینمنٹ، ٹیڈ پول فلمز اور جیو فلمز پیش کر رہے ہیں جس میں علی ظفر، مایا علی اور فیصل قریشی سمیت کئی نامور اداکار شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کل فلم ’طیفا ان ٹربل‘ پاکستان سمیت 25 ممالک میں ریلیز ہوگی۔

Comments
Loading...