ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا لیڈر اڈیالہ جیل میں قید ہے، شہباز شریف

پنڈی گھیپ:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے والا ہمارا لیڈر اڈیالہ جیل میں قید ہے۔

سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا پنڈی گھیپ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ 2013ء میں بجلی جاتی تو تھی لیکن آتی نہیں تھی، ہم نے اپنے دورِ اقتدار کے پانچ سالوں میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سڑکوں کو جال بچھایا اور عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا، لیکن اس کے باوجود میرا اور آپ کا لیڈر اپنی بیٹی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں قید ہے۔

انہوں نے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کیخلاف کیا ثبوت چاہیے؟ وہ سب سے بڑا جھوٹا ہے، جس طرح اس کا دماغ خالی، اس طرح جلسہ خالی ہوتا ہے۔ اپنے صوبے خیبر پختونخوا کو تباہ وبرباد کرنے کے بعد اب وہ پنجاب میں آ کر نعرے لگا رہے ہیں۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ نواز شریف نے کسانوں کو سستی کھاد اوربجلی دی، ہماری حکومت میں ڈالر 100 روپے کا تھا جس کی قیمت آج بڑھ کر 130 روپے ہو گئی ہے، عوام بتائیں کہ کیا نواز شریف نے جرم کیا یا پاکستان کی خدمت کی؟

Comments
Loading...