فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے

بولاوائیو: پاکستان کے اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔

کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سینتھ جے سوریا اور اوپل تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف جون 2006 میں 286 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے سابق اوپنر عمران فرحت اور محمد حفیظ نے بھی زمبابوے کے ہی خلاف ستمبر 2011 میں پہلی وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کی تھی تاہم اب پاکستان کو پہلی وکٹ پر طویل ترین پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ حاصل ہوگیا ہے۔

فخر زمان ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے چھٹے بلے باز بھی بن گئے۔

ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے، جنہوں نے نومبر 2014 میں سری لنکا کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں شاندار اننگز کھیل کا یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 237 رنز ناٹ آؤٹ، بھارت کے ورندر سہواگ 219، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 215 اور بھارت کے روہت شرما 209 رنز کے ساتھ بالترتیب سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔

سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ 

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پُراعتماد آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

فخر زمان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی جب کہ امام الحق نے بھی 6 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 113 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کو پہلے ہی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان سرفراز احمد کو فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔

میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی جو کھلاڑی اب تک نہیں کھیلے انہیں موقع دیا جائے گا۔

نوٹ: دونوں ٹیموں کے درمیان میچ جاری ہے اور اسکور وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔

Comments
Loading...