عمران خان کا عوام کے درمیان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار

عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا، ذرائع فوٹو:سوشل میڈیا

عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا، ذرائع فوٹو:سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان نے ایوان صدر کے بجائےعوام کےدرمیان حلف اٹھانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

25جولائی کوہونےوالے عام انتخابات کےنتیجے میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 115 نشستوں کے ساتھ سب سےآگے رہی ہے اورمرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے۔

وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں لیاجاتا ہے اور صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے ان کے عہدے کاحلف لیتے ہیں، تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نئی مثال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف ایوان صدر میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

 تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان کی اس تجویز کی حمایت کی ہے، تاہم عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف کہاں اٹھائیں گے اس بات کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکاہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے مشہور ڈی چوک پر حلف اٹھاسکتے ہیں جب کہ پریڈ گراؤنڈ سمیت دیگر آپشنز بھی زیرغور ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے حلف اٹھانے کا معاملہ سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگاجب کہ حلف برداری کی تقریب کہاں ہوگی اس کا حتمی فیصلہ بھی ایک سے دو روز میں ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ذوالفقارعلی بھٹو بھی عوامی انداز میں حلف اٹھاچکے ہیں۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان 14 اگست کو وزیر اعظم کا حلف اٹھائیں گے۔

Comments
Loading...