Official Web

واٹس ایپ پر گروپ ویڈیو کال کی سہولت بھی دستیاب

مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ پر ویڈیو کال کی سہولت اس سے قبل صرف دو صارفین کے درمیان محدود تھی لیکن اب اس میں گروپ ویڈیو کال کا فیچر بھی دستیاب کردیا گیا ہے۔

یوں تو واٹس ایپ ویڈیو کال فیچر 2016 میں متعارف کیا گیا تھا، مگر اس میں گروپ ویڈیو کال کی سہولت موجود نہیں تھی، لیکن اب واٹس ایپ کمپنی کی جانب سے اس مشکل کو بھی حل کرلیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کمپنی کے مطابق گزشتہ روز سے گروپ ویڈیو کال کا فیچر متعارف کردیا ہے جس کے تحت بیک وقت چار صارفین ایک ساتھ ویڈیو کال پر بات چیت کرسکتے ہیں۔

اس فیچر کی مدد سے صارف جہاں اور جس وقت چاہے با آسانی اپنے دوستوں سے ویڈیو کال کرسکے گا۔

فوٹو/ بشکریہ واٹس ایپ—۔

گروپ ویڈیو کال کرنے کے لیے ویڈیو کال کے آپشن میں جانا ہوگا اور اوپر دائیں جانب دیئے گئے add participant کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا جس میں صارف اپنے تین دوستوں کو کال ملا کر بات کرسکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گروپ ویڈیو کال کی سہولت فیس بک میں بھی موجود ہے جس میں بیک وقت 50 صارفین سے ویڈیو کال ہوسکتی ہے جب کہ اسنیپ چیٹ میں 16 صارفین سے ایک ہی وقت میں ویڈیو چیٹ ہوسکتی ہے۔

Comments
Loading...