
ہاکی پرو لیگ 2019 میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی
لوزانے/سوئٹزرلینڈ: ہاکی پرو لیگ کے ابتدائی سیزن کا شیڈول جاری کردیا جس میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ( ایف آئی ایچ ) نے ہاکی پرو لیگ کے ابتدائی سیزن کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق لیگ19جنوری 2019 سے شروع ہوگی اور اس میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں ایکشن میں ہوںگی۔
دنیا کے مختلف حصوں میں جنوری سے جون تک مجموعی طور پر152میچزکھیلے جائیں گے۔ بھارت کے سوا دنیا بھر سے خواتین اور مردوں کی ٹیمیں اس میں حصہ لیں گی، جس میں ہر ٹیم 8 میچزہوم گراؤنڈ اور8 مقابلے دوسرے ملکوں میں جاکر کھیلے گی، جس کے بعد ٹاپ فور سائیڈز اسی برس جون میں گرینڈ فائنل میں شریک ہوں گی، جس سے فاتح کا تعین ہوگا۔
ہاکی پرو لیگ کا افتتاحی مقابلہ میزبان اسپین اور ریو 2016 اور یورو ہاکی چیمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ بیلجیئم کے درمیان ہوگا، پاکستانی مینز ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف فرسٹ لیگ 17 فروری 2019 کوکھیلنے کیلیے ان کی مہمان بنے گی جبکہ جوابی لیگ 21 جون کو شیڈول کی گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم گلاسکو میں برطانیہ کے مقابل آئے گی، یہ میچ 25 مئی کو شیڈول کیاگیا ہے۔ اس میں مقامی پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، ویمنز ہاکی ایونٹ میں ارجنٹائن کی ٹیم کا سامنا موجودہ ہاکی ورلڈ کپ اور ورلڈ لیگ چیمپئن نیدرلینڈز سے 24 فروری کوہوگا۔
یورپ کے بعد مینز اور ویمنز میچز آسٹریلیا میں منعقد ہوں گے، جس میں آسٹریلیا کا سامنا ہمسایہ ملک نیوزی لینڈ سے دونوں ایونٹس میں ہوگا، جس میں فرسٹ لیگ میچز 17 مارچ کو شیڈول کیے گئے ہیں جبکہ سیکنڈ لیگ میچز 25 اپریل کوہوں گے، اس کے بعد ارجنٹائن کی ویمنز ہاکی ٹیم امریکا کی مہمان بنے گی، پان امریکن حریف 12 مئی کو مدمقابل آئیں گے۔
نیڈرلینڈز کے شائقین اپنی ہوم ٹیم کو جرمنی کیخلاف 5 مارچ کو ایکشن میں دیکھ پائیں گے جس کے بعد جرمن ٹیم ڈچ کی میزبانی 26 اپریل کو کرے گی، نیدرلینڈز کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 8 اور9 جون کو بیلجیئم کا سامنا کریں گی۔
دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں برطانیہ کو نیدرلینڈز کیخلاف ریو اولمپکس 2016 کے فائنل کی ہار کا انتقام لینے کا بھی موقع میسرآئے گا، انگلش ٹیم یکم جون کو ڈچ سائیڈ کی میزبان بنے گی جبکہ دونوں ممالک میں سیکنڈ لیگ 15 جون کو برطانیہ میں شیڈول ہے، اسی طرح مینز ہاکی میں ارجنٹائن اور بیلجیئم بھی اولمپک فائنل کی طرح دوبارہ مدمقابل آئیں گے۔
ایف آئی ایچ کے صدر نریندر دھورو بٹرا کا کہنا ہے کہ پرو ہاکی لیگ کے براڈ کاسٹ اور کاروباری معاملات کا فیصلہ آنے والے مہینوں میں کرلیا جائیگا۔