نواز شریف کو اس نہج پر پہنچانے کا ذمہ دار طلال چوہدری ٹولہ ہے: شیخ رشید

لاہور:  شیخ رشید نے طلال چوہدری کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ڈی گریڈ لوگوں کیلئے کمپنی کی مشہوری ضروری ہوتی ہے، نواز شریف کو اس نہج پر پہنچانے کا ذمہ دار یہی ٹولہ ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ وہ بداخلاق ٹولہ ہے جس کی سوچ نواز شریف کی ہے، دانیال الیکشن ہار گئے، اب نااہلی سے فرق نہیں پڑتا، یہ صرف میڈیا میں ان رہنے کیلئے سب کچھ کرتے ہیں۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے ن لیگ کے رہنما طلال چودھری کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دیا۔ لیگی رہنما کو عدالت برخاست ہونے تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

طلال چودھری توہین عدالت کیس کا فیصلہ 11 جولائی کو محفوظ کیا گیا تھا، لیگی رہنما نے ایک ریلی کے دوران سپریم کورٹ کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیئے تھے۔ طلال چودھری پر 15 مارچ کو فرد جرم عائد کی گئی۔

اس سے قبل 28 جون کو مسلم لیگ ن کے دانیال عزیز کو توہین عدالت کے جرم میں پانچ سال کے لئےنا اہل کیا گیا تھا۔ یکم فروری 2018 کو نہال ہاشمی کو بھی سزا سنائی گئی تھی۔

Comments
Loading...