قومی اسمبلی کا اجلاس جاری، نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد : پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کی 15 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس جاری ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ نامزد وزیراعظم عمران خان بھی قومی اسمبلی اجلاس میں موجود تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک، اسد قیصر، حماد اظہر، شخ خرم شہزاد، فرخ حبیب، ناز بلوچ، زرتاج گل، فیصل واوڈا، علی زیدی، شاہ زین بگٹی پہلی بار قومی اسمبلی کا حصہ بنے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری، خورشید شاہ، اسد عمر، مریم اورنگزیب، شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، منزہ حسن، شفقت محمود بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، چودھری نثار، خواجہ سعد رفیق، عابد شیر علی، طلال چودھری، دانیال عزیز، مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ قومی اسمبلی کا حصہ نہ بن سکے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نومنتخب ارکان کی حلف برداری اور سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا، نومنتخب ار کان حلف لینے کے بعد فردا فردا سپیکر کی دعوت پر حروف تہجی کے اعتبار سے رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کل دن 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے، انتخاب 15 اگست کو ہو گا جس کے بعد وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے 164 نومنتخب ارکان بھی آج حلف اٹھائیں گے ،جن میں پیپلزپارٹی 97 ، تحریک انصاف 30 ، ایم کیوایم پاکستان 21، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 14 اور تحریک لبیک کے 3 ارکان شامل ہیں،پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلٰی، آغا سراج درانی کو سپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیاہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلٰی،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے ،اپوزیشن رہنماؤں نے کہا پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب نہیں ہونے دیں گے، ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایم کیو ایم پاکستان سے سپیکر اور جی ڈی اے سے ڈپٹی سپیکر کا امیدوار لئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعلٰی کیلئے مشترکہ امیدوار تحریک انصاف سے لایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہو گا، نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے گورنر نے آئین کے آرٹیکل 53 اور127 کے تحت سردار اورنگزیب نلوٹھا کوپریذائیڈنگ افسرمقرر کر دیا، جو سپیکر کی غیر موجودگی میں نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے، نامزد سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر راحیلہ درانی کی صدارت میں آج ہوگا، 65 کے ایوان میں 62 نو منتخب ارکان حلف لیں گے، پی بی 35 مستونگ میں خودکش حملے میں نوبزادہ میر سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے، پی بی 41 سے ایم ایم اے کے امیدوار زاہد علی ریکی کا نتیجہ روک لیا گیا جبکہ پی بی 26 ایچ ڈی پی کے امیدوار احمد علی کا کیس محکمہ داخلہ کے پاس ہے، حلف برداری کے بعد اجلاس شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا جائے گا، شام کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، نئے سپیکر سے حلف لینے کے بعد موجودہ سپیکر راحیلہ درانی کرسی نئے سپیکر کے حوالے کریں گی جس کے بعد نئے سپیکر کی نگرانی میں ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ،سکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔

Comments
Loading...