اسپیکر کا انتخاب؛ خورشید شاہ اور اسد قیصر نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور خورشید شاہ نے اپوزیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔

رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دوسری جانب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر اور قاسم سوری نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 30 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں، سب کے ساتھ تعلق ہے، موجودہ حالات میں ایسے اسپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، میں نے 30 سال میں ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے،  امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت حقائق کو مد نظر رکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسد قیصر کو نامزد کیا گیا ہے، اسد قیصر اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے ہیں۔

Comments
Loading...