قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا جس کے لیے اسد قیصر اور خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ  نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے جب کہ  ڈپٹی اسپیکر کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار سعد محمود نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

دوسری جانب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر اور قاسم سوری نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 30 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں، سب کے ساتھ تعلق ہے، موجودہ حالات میں ایسے اسپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، میں نے 30 سال میں ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے،  امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت حقائق کو مد نظر رکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسد قیصر کو نامزد کیا گیا ہے، اسد قیصر اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

Comments
Loading...