
شامی فوج نے اسرائیلی ایف 16 مار گرایا
شامی فوج نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے اسرائیلی ایف 16 طیارہ مار گرایا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ شام کی سرزمین سے اڑنے والے ایک ایرانی ڈرون طیارے نے اسرائیلی حدود کی خلاف ورزی کی جس کا جنگی ہیلی کاپٹر نے کامیابی سے تعاقب کیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ائیرفورس نے شام سے ڈرون طیارے بھیجنے والے ایرانی کنٹرول سسٹم کو ہدف بنایا لیکن اس دوران ایک ایف 16 ائیر فائر کا نشانہ بن کر گر گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایف 16 طیارہ شمالی اسرائیل میں گر کر تباہ ہوا۔
شامی ذرائع ابلاغ نے بھی اسرائیل کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر طیارہ مار گرانے کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
قطر کے الجزیرہ ٹی وی کی صحافی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے یہ تسلیم کیا ہے کہ اس کے طیاروں نے شام میں حملے کیے ہیں۔
شام کے سرکاری ٹی وی نے بعد ازاں ایک فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے ملک کے وسطی علاقے میں قائم فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں شام نے ایک سے زیادہ طیارے مار گرائے۔
الجزیرہ ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شامی فوج کو جانی نقصان ہوا ہے۔