حکومت ایل این جی معاہدہ کیوں چھپارہی ہے ؟ تفصیلات سامنے لائی جائیں، عمران خان

بلین ٹری سونامی اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ،ایک ارب سولہ کروڑ درخت لگائے ،پانچ لاکھ افراد کو روزگار فراہم ہوا
راجن پور، چیچہ وطنی،چھانگا مانگا اور کندیاں کے جنگلات کے خاتمے پر حکومت پنجاب کوئی توجہ نہیں دے رہی،سینئراینکرز سے گفتگو
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ایل این جی معاہدہ منظرعام پر نہ لانے سے ثابت ہوتا ہے کرپشن کا بڑا اسکینڈل ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی معاہدے کومنظرعام پرلانے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل این جی معاہدہ چھپایا، معاہدہ منظرعام پرنہ لانے سے ثابت ہوتا ہے کہ کرپشن کا بڑا اسکینڈل ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ،عوام کومعاہدے کی تفصیلات ظاہرکرنے سے انکارکیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے برآمداتی صنعت کو نقصان پہنچا، حکومت کا ملکی برآمداتی صنعت کو نقصان پہنچانا افسوس ناک ہے۔عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ علاقائی حریفوں کے مقابلے میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں کپاس کی معیشت کو بھی بحال کرنا ہے، کپاس کے کسانوں کے منافع کو بھی فائدہ پہنچانا ہے۔دریں اثناءسینئر اینکرز سے ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے،ایک ارب سولہ کروڑ درخت لگائے گئے،پانچ لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم ہوا۔اس موقع پر ملک امین اسلم کی جانب سے بلین ٹری سونامی پر بریفنگ دی گئی ۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے ۔پنجاب میں راجن پور، چیچہ وطنی،چھانگا مانگا اور کندیاں کے جنگلات ختم ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی کی بات ہے حکومت پنجاب نے اس اہم ترین مسئلے پر توجہ نہیں دی۔ یہ واحد منصوبہ ہے جس سے آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ واحد منصوبہ ہے جس کی کامیابی پر عالمی ماحولیاتی اداروں نے مہر تصدیق ثبت کی۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں دیگر شہروں میں بھی یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری، سربراہ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ افتخار درانی اور چیئرمین کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری بھی موجودتھے ۔

Comments
Loading...