Official Web

کابل میں اسپورٹس کلب پر خود کش حملوں میں 20 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اسپورٹس کلب میں خودکش حملوں کے  نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ 

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کش حملہ آوروں نے کابل کے علاقے دشتِ برچی میں اسپورٹس کلب کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں ریسلنگ کا میچ جاری تھا جسے سیکڑوں کی تعداد میں دیکھنے کے لیے لوگ موجود تھے۔

ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے ہجوم میں پہنچ کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس کے بعد دوسرے حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی  لوگوں سے ٹکرادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی اس وقت ٹکرائی جب میڈیا کے نمائندے اور امدادی اداروں کے اہلکار جائے دھماکا پر کھڑے تھے۔

افغان صدر اشرف غنی نے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے جب کہ صحافیوں کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی ایک مذموم کوشش ہے۔

Comments
Loading...