روس میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، 71 افراد ہلاک

روسی ایئر لائن سراتوو کا ایک مسافر بردار طیارہ ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

روسی حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں جہاز پر سوار تمام 71 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

طیارہ ماسکو کے دومودیدیو ائرپورٹ سے پرواز کرنے کے بعد چند ہی منٹوں میں لاپتہ ہوا اور ماسکو کے جنوب مشرق میں پچاس میل دور آرگونوو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

اے این 48 اندرون ملک کی پرواز ماسکو سے یورال شہر جا رہی تھی جس میں 65 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔

روسی صدر ولادی میر پوتن نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جہاز کی تباہی کی فوری تحقیقات کروانے کا اعلان کیا ہے۔

فلائٹ ریڈار 24 نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز گرنے سے پہلے ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے نیچے کی طرف آ رہا تھا جس کے بعد وہ گر تباہ ہو گیا۔

حالیہ عرصے میں روس کو دو بڑے فضائی حادثوں کا سامنا کرنا پڑا۔ 25

دسمبر 2016 کو ایک روسی فوجی جہاز بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوا جس میں 92 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اکتوبر 2015 میں رشیا ائیر بس 321 جہاز مصر کے قریب حادثے کا شکار ہوا جس میں 224 لوگ ہلاک ہوئے۔

ساراتوو ائیر لائن کا مرکز ساراتوو میں ہے جو کہ ماسکو سے 840 کلو میٹر فاصلے پر ہے۔

2015 میں اس ائیرلائن کی بین الاقوامی پروازوں پر اس واقعے کے بعد پابندی لگا دی گئی جب انسپیکٹرز نے کاک پٹ میں عملے کے علاوہ ایک انجان شخص کو بیٹھے ہوئے پایا۔

ساراتوو نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جس کے بعد 2016 میں انہیں دوبارہ بین الاقوامی پروازوں کی اجازت ملی۔

اس وقت اس ائیر لائن کی زیادہ تر پروازیں اندرون ملک ہی ہیں اور بین الاقوامی پروازوں کی منزل آرمینیا اور جورجیا ہیں۔

Comments
Loading...