Official Web

ملکی ترقی کےلئے سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی ناگزیر ہے صدرممنون

کامسٹیک کا اس سلسلے میں قابل قدر کرداربہت خوشی کا باعث ہے،اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کی ترقی کے لئے لائق اور ذہین سائنس دانوں کی ضرورت ہے تاکہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق کو فروغ دے کر حقیقی ترقی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کامسٹیک قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے او آئی سی کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اسٹینڈنگ کمیٹی (کامسٹیک) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جوان کی زیرصدارت پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر شوکت حمید نے اجلاس کو سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق او آئی سی میں سربراہ اجلاس منعقدہ آستانہ میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلم دنیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی ناگزیر ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس و ٹیکنالوجی کی اسٹینڈنگ کمیٹی (کامسٹیک) اس ضمن میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ کامسٹیک سے وابستہ توقعات بہت جلد پوری ہوں گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کے علاوہ سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی مسز یاسمین محمود، ایڈوائزر کامسٹیک ڈاکٹر قاسم جان، سینئر ایکسپرٹ ڈاکٹر خورشید حسنین نے بھی شرکت کی۔

Comments
Loading...