ُپاکستان کے لوگ بہت ملنساراورمہمان نوازہیں،جرمن سفیر

جرمنی اورپاکستان کے کلچرمیںبہت سی چیزیںمشترک ہیں، مارٹن کوبلر
اسلام آبادسے باہرجانے کےلئے سیکیورٹی کلیئرنس کے مشکل دورسے گزرناپڑتاہے
اسلام آباد ( شمیم محمود ) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کے کلچر اور شہروں کو دیکھنے کیلئے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے البتہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں گھومنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ آن لائن کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے کلچر میں بہت سی چیزیں مشترک ہے ، پاکستان کے لوگ بہت ملنسار اور مہمان نواز ہیں ، ملک کے بڑوں شہروں کے ساتھ ساتھ وہ دیہاتوں کا بھی دورہ کرنا چاہتے ہیں،کراچی میں سندھ کی ثقافت اور پشاور کے قصہ خوانی بازار میں جانا بہت شاندار رہا، پنجاب کے کلچر کے بارے میں جاننے کیلئے دیہی علاقوں میں جانا اشد ضروری ہے، ایک سوال کے جواب میں جرمنی کے سفیر نے بتایا کہ اسلام آباد سے باہر جانے کیلئے سیکیورٹی کلیرنس کے مشکل دور سے گزرنا پڑتا ہے ، بعض اوقات اسکی درخواست مسترد کردی جاتی ہے البتہ مسلسل فالو اپ کرنے کی وجہ سے وہ کامیاب ہوجاتے ہیں ، اس سلسلے میں ان کا اسٹاف ساتھ دیتا ہے جس کے لئے وہ اپنے پاکستانی عملے کے بھی شکرگزار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جرمنی ، یورپی ممالک میں پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد جرمنی میں آباد ہے۔انہوںنے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان باہمی ثقافتی دوروں کا سلسلہ جاری ہے ، جرمنی کے سفارتخانے نے جرمنی کے کلچر اور ترقی کی مختلف منازل طے کرنے کیلئے فلمیں دکھانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

Comments
Loading...