پاکستانی مفادات کےخلاف سازش ہوئی توبھرپورجواب دیا جائےگا، احسن اقبال

امریکا کی پاکستان میں یکطرفہ کارروائی دوطرفہ تعلقات کیلئے ‘ریڈ لائن’ ہوگی،’افغانستان میں ناکامیوں کاملبہ پاکستان پر نہ ڈالا جائے
افغانستان میں امن کےلئے ، پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں،دہشتگردی کےخلاف جنگ امریکی امداد کےلئے نہیں، عوامی تحفظ کےلئے لڑی، وزیر داخلہ
نیویا رک (آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کی پاکستان میں یکطرفہ کارروائی دوطرفہ تعلقات کے لیے ‘ریڈ لائن’ ہوگی۔پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیا جائے گا،امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ‘پاکستان کو ڈرانا، دھمکانا یا زورزبردستی غیر مفید ہوگی’۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ‘پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیا جائے گا’۔ ‘افغانستان میں ناکامیوں کاملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے، افغانستان میں امن کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘امریکا کو جنوبی ایشیا اور افغانستان کو مختلف انداز سے دیکھنا ہوگا’۔احسن اقبال نے کہا کہ ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں اور گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانیں دیں’۔انہوں نے بتایا کہ ‘دہشت گردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا اور اس جنگ میں بہت معمولی امریکی امداد ملی’۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے تحفظ کے لیے لڑی’۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ‘دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لیے عسکری کے ساتھ سیاسی حل بھی ہونا چاہیئے، پاکستان امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے’۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔کراچی میں امن واپس آگیا ہے وہاں 95 فیصد جرائم کاخاتمہ ہوگیا، بلوچستان میں تخریب کاروں نے امن کونقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کیں اور وہاں ترقی کی نئی لہرشروع ہوچکی ہے۔

Comments
Loading...