Official Web

لاپتہ سعودی صحافی کی تلاش میں مدد کرنے کو تیار ہیں،امریکی نائب صدر

واشنگٹن: امریکا نے استنبول میں لاپتہ سعودی صحافی جمال خشگوئی  کی تلاش میں مدد کی پیش کش کردی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پنس نے ریڈیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن لاپتہ سعودی صحافی کی تلاش میں ریاض  کی ہر طرح مدد کرنے کو تیار ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس معاملے میں  کیا امریکا اپنی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی خدمات فراہم کرے گا تو مائیک پرنس نے جواب دیا کہ امریکا پوری طرح مدد کرنے کو تیار ہے، ہم لاپتہ صحافی کی تلاش کے لیے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔

ترکی میں مقیم سعودی صحافی جمال خشگوئی واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرتے ہیں، سعودی شاہی خاندان کے سخت ناقد جمال خشگوئی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن تاحال واپس نہیں لوٹے۔

سعودی صحافی کے ہمراہ قونصل خانے جانے والی منگیتر کو دروازے پر ہی روک کر انتظار کرنے کا کہا گیا تھا اور جمال خشگوئی کا موبائل بھی باہر رکھ لیا گیا تھا۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنے لاپتہ سعودی صحافی سے اظہار یکجہتی کے لیے 4 روز قبل اخبار میں اُن کا خالی کالم بھی چھاپا تھا تاکہ دنیا کو واقعہ کی سنگینی اور حساسیت کا اندازہ ہو سکے۔

ترکی کے اہم حکام نے واشنگٹن پوسٹ اور رائٹرز کو بتایا تھا کہ سعودی صحافی جمال خشگوئی کو استبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا ہے تاہم سعودی حکومت نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

Comments
Loading...