اپیلیٹ ٹریبونل نے اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی

لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو صوبائی الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کا مصدقہ ڈکلیریشن نہ دینے پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔

تاہم اسحاق ڈار نے 15 فروری کو کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے جبکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔

اسحاق ڈار نے استدعا کی تھی کہ ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

آج سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب اپیلیٹ ٹربیونل نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بہن سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کو بھی سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

سینیٹ انتخابات آئندہ ماہ 3 مارچ کو ہوں گے اور پنجاب اسمبلی میں بھاری اکثریت کی وجہ سے تمام 12 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا امکان ہے۔

Comments
Loading...