
بھارت،متنازعہ فلم پدماوت کو نمائش کی اجازت ملتے ہی انتہا پسند ہندو نوجوان پٹرول کی بوتل لیے350فٹ اونچے ٹاور پر چڑھ گیا
نئی دہلی(آن لائن)بالی وڈ فلم ‘پدماوت’ کو نمائش کی اجازت ملنے پر بھارتی ریاست راجھستان کے شہر بھلواڑا میں ایک نوجوان احتجاج کے طور پر پیٹرول کی بوتل ہاتھ میں لیے 350 فٹ طویل ٹاور پر چڑھ گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹاور پر چڑھنے والے نوجوان کا موقف تھا کہ وہ اسی صورت میں نیچے اترے گا، جب ملک بھر میں ‘پدماوت’ فلم پر پابندی عائد کردی جائے گی۔واضح رہے کہ بھارت میں سال 2017 کی سب سے متنازع فلم ‘پدماوت’ رہی، جس نے بھارت بھر میں بھونچال کی کیفیت طاری کیے رکھی، فلم پر انتہا پسند جماعت ‘شری راجپوت کرنی سینا’ نے تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کیا تو وہیں انتہا پسندوں نے فلم کی نمائش روکنے کے لیے پر تشدد مظاہرے کیے،بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسند رہنما نے فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت بھی 10 کروڑ لگا ڈالی، جس کے بعد پروڈیوسرز نے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر فلم کی یکم دسمبر کو ہونے والی ریلیز موخر کردی تھی،آخر کار بھارتی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم کے نام کی تبدیلی اور کچھ مناظر کٹ کیے جانے کی شرط کے ساتھ فلم کو نمائش کی اجازت دی گئی، جو 25 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘پدماوت’ میں دپیکا پڈوکون سمیت اداکار شاہد کپور اور رنویر سنگھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے#/s#