قائمہ کمیٹی داخلہ کی حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتارکرنے کی سفارش

امریکہ میںسابق سفیر دنیا بھر میںملک کو بدنام ،نظریہ پاکستان کے خلاف کام کررہے ہیں،غیرقانونی اسلحہ لائسنس کی چھان بین کےلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد (بشارت راجہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرکے ملک میں لانے کی سفارش کی ہے‘ حسین حقانی دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کررہے ہیں اور وہ نظریہ پاکستان کے خلاف کام کررہے ہیں، ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے اور غیر قانونی اسلحہ لائسنس کی چھان بین کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ قانون پرمشتمل سب کمیٹی بنا دی گئی جو ایک ہفتے میں قائمہ کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے آخری دور حکومت میں بغیر تصدیق کئے 25 سے 30 ہزار آٹو میٹک اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے اور یہ لائسنس ریوڑی کے بھاﺅ دیے گئے۔ ستم ظریفی یہ کہ ایک فرد نے ایک سے زائد اسلحہ لائسنس جاری کروائے۔ ملک میں اس وقت ساٹھ فیصد سے زائد اسلحہ لائسنس غیر قانونی ہیں‘ اس موقع پر سینیٹر سردار فتح محمد حسنی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کمیٹی بریف کریں کہ ان لائسنس کو جاری کروانے میں کون سی شخصیات ملوث ہیں۔ کس نے غیر قانونی لائسنس حاصل کئے؟ خواجہ سرا کو حقوق دینے کے حوالے سے کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل خواجہ سرا کی تعریف کرے اور رپورٹ پیش کرے کہ اسلامی قوانین اس حوالے سے کیا کہتے ہیں۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی سینٹ کمیٹی کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمن ملک نے سفارش کی ہے کہ حکومت مودی کے خالف بین الاقوامی عدالت میں جائے اور ان پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا مقدمہ دائر کرے ایک طرف یہ تو ان ڈائریکٹ مودی کی حمایت کرتے ہیں تو دوسری طرف ہندوستان لائن آف کنٹرول پر بے گناہ معصوم شہریوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ پارلیمنٹ مین اس پر بحث ہونی چاہیے مگر افسوس کہ ہماری پارلیمنٹ کا سارا دھیان اس پر ہے کہ ایک نااہل شخص کو کس طرح اہل کروایا جائے۔ ملک اس وقت گھمبیر مسائل میں ہے ہندوستان امریکہ کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازشوں کاجال بن رہا ہے۔ اب یہ وقت ہے کہ حکومت جاگ جائے اور امریکہ ہندوستان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرے۔ اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی‘ سینیٹر شاہی سید‘ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ سینیٹر سردار فتح محمد حسنی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون نے شرکت کی۔

Comments
Loading...