
انسٹاگرام کا دلخراش تصاویر کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ
سان فرانسسكو:
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے دلخراش مناظر، غصیلی اور خود کو نقصان پہنچانے والے مواد کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹاگرام نے برطانوی نوجوان لڑکی مولی رسل کی خودکشی کے بعد پوسٹ کی شیئرنگ کے لیے نئے ’ حساس اسکرین‘ متعارف کرایا ہے۔ جس کا اعلان انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے خود کیا۔
اس فیچر سے زخم، قتل، خودکشی اور دیگر دلخراش مناظر کی تصاویر کو دھندلا کردیا جائے گا اور صرف خواہش مند صارفین کے بٹن دبانے پر ہی دستیاب ہوں گے۔ اس طرح پیج پر اسکرولنگ کے دوران یہ مناظر اچانک سامنے نہیں آئیں گے۔
برطانوی نوجوان لڑکی مولی رسل کی خودکشی کا ذمہ دار والدین نےانسٹاگرام کو قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ بیٹی نے انسٹاگرام پر ایک شخص کی تصاویر سے خودکشی کا طریقہ سیکھا تھا۔