
عمارتوں کی تعمیر آسان بنانے کیلیے جدید سافٹ ویئر متعارف
پاکستان میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی سرگرمیوں بالخصوص کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے امریکی کمپنی نے جدید سافٹ ویئر متعارف کرا دیا ہے۔
امریکی کمپنی اسٹرلنگ انجینئرنگ گروپ آف کمپنی کی فرنچائز اسٹرلنگ پی ٹی کثیر منزلہ عمارتوں کی پوسٹ ٹینشننگ ڈیزائننگ کی سہولت فراہم کرتی ہے، کمپنی نے 2009 میں کراچی میں اپنا دفتر قائم کیا اور بلند عمارتوں کی تعمیر میں معاون جدید سافٹ ویئر کی خدمات فراہم کرنا شروع کیں جس سے تعمیراتی لاگت میں کمی کے ساتھ معیار کی بہتری کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، ساتھ ہی وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔
امریکی کمپنی کو پاکستان تک لانے میں اسٹرلنگ پی ٹی کے سی ای او ناصر الیاس نے فعال کردار ادا کیا، پاکستان میں تعمیر ہونے والی بیشتر کثیر منزلہ عمارتوں کی ڈیزائننگ امریکا میں کی گئی تاہم اب کمپنی نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی تعمیرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سافٹ ویئر کو پاکستان کی سطح پر عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے پہلی تربیتی ورکشاپ 22 اور 23 فروری کو ریجنٹ پلازہ ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگی۔