آج بھی پاکستان سپر لیگ میں دو میچز کھیلے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس میں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل سیزن تھری کے آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گے، پاکستانی وقت کے مطابق میچ ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا۔

ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں اپنے دونوں میچز جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر سب سے آگے ہے جبکہ پشاور زلمی کو پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن نے پہلا ٹورنامنٹ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کیا۔

اتوار کو دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

کراچی کنگز بھی اپنے دو میچز میں سے ایک جیت چکا ہے جبکہ لاہور قلندرز کو اپنے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

لاہور قلندرز کو پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا جبکہ دوسرے میچ میں اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 9 وکٹوں کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

Comments
Loading...