کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹ فضائی آپریشن کیلئے کھولنے کا اعلان

کراچی: پاکستان میں ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹ فضائی آپریشن کے لیے کھول دیے ہیں تاہم پاکستان کی فضائی حدود چار مارچ تک مکمل طور پر بند رہے گی۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد دو روز قبل سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے تھے اور گزشتہ روز اس میں آج دوپہر ایک بجے تک توسیع کی گئی تھی۔

اب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق چاروں ائیرپورٹس کمرشل پروازوں کے لیے شام 6بجے سے آپریشنل ہوں گے لیکن وہاں اترنے اور وہاں سے اڑنے والے جہازوں کو پاکستانی فضائی حدود میں مخصوص راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم سی اے اے کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود 4 مارچ تک بدستور بند رہے گی۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنی پروازوں کا شیڈول شام 6 بجے سے بحال کرنے کر دیا ہے اور مسافروں کو ٹیلی فون کرکے اس بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔

سعودی ائیرلائن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی پاکستان کے لیے پہلی پرواز شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

Comments
Loading...