سلمان اور ایشوریا کی فلموں کا ٹکراؤ ٹل گیا

ممبئی: بالی وڈ اسٹار سلمان خان اور ایشوریا رائے بچن کی فلموں کا باکس آفس پر ٹکراؤ ٹل گیا۔

سلمان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل بوبی دیول اور انیل کپور مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

سلو میاں کی سابقہ محبوبہ ایشوریا رائے بچن بھی اپنی فلم ’فینی خان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی نمائش کا اعلان عیدالفطر کے موقع پر کیا گیا تھا۔

سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ کی نمائش کی تاریخ بھی عیدالفطر طے ہے جس کے باعث دونوں کی فلموں کا باکس آفس پر ٹکراؤ کا امکان تھا۔

سلو میاں اپنی فلم کے ایشوریا رائے کے ساتھ مقابلے پر پریشان تھے اور ان کی خواہش بھی تھی کہ دونوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز نہ ہوں تاکہ ایک بار پھر ان دونوں کے تعلقات کی خبریں میڈیا کی زینت نہ بنیں لیکن ایشوریا رائے فلموں کے باکس آفس مقابلے سے بالکل بے فکر تھیں۔

لیکن اب ’فینی خان‘ کے فلمسازوں نے سلمان خان کی ’ریس 3‘ سے باکس آفس پر کسی قسم کے تصادم سے بچنے کے لیے فلم کی نمائش عیدالفطر کے بجائے 13 جولائی کو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایشوریا رائے کی فلم کے پروڈیوسرز کی جانب سے فلم کی نمائش کی تاریخ آگے بڑھانے کے بعد دونوں فلموں کا باکس آفس پر ٹکراؤ ٹل گیا جس پر سلو میاں نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے۔

Comments
Loading...