
سات ماہ میں 120 ارب روپے کی ایل این جی درآمد کی گئی: ادارہ شماریات
کراچی: (دنیا نیوز) جولائی سے جنوری کے دوران ایل این جی کی درآمدات میں 91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق سات ماہ میں 120 ارب روپے کی ایل این جی درآمد کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری کے دوران ایل این جی کی درآمد 91 فیصد اضافے سے 120 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ایل این جی کی درآمدات صرف 63 ارب روپے تک ہی محدود تھی۔ سی پیک کے تحت کئی پاور پلانٹس لگنے سے بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
نیپرا کے مطابق سال 2017 میں ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 100 میگاواٹ تھی، لیکن سال 2018 میں ایل این جی سے1600 میگاواٹ بجلی بنائی جارہی ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار میں گیس کا حصہ 2 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ایل این جی کی درآمدات میں اضافے کے سبب ایک طرف تو بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب صنعتی پیداوار بھی بڑھ رہی ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایل این جی کی درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔