
امریکا ایف اے ٹی ایف کے ذریعے پاکستان کو شرمندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مفتاح اسماعیل
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کا نا م فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف )میں شامل کر کے ہمیں شرمندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی انسداد دہشت گردی قوانین میں بہتری نہیں چاہتا اور پاکستان کو دہشتگردوں کی معاونت کرنے والے ممالک کی لسٹ میں شامل کروانا چاہتا ہے ۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ امریکاکوجون تک انسداد دہشت گردی کی معاونت کے معاملےکےحل اورمعاہدےکیلئےپیشکش کی لیکن امریکاپاکستان کومشکلات میں دیکھنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پرپولیس آفیسرز انسداد دہشت گردی کی معاونت سے متعلق قانون سازی میں کم تربیت یافتہ ہیں اور پاکستان میں صوبائی سطح پرقوانین کے نفاذ میں کوتاہیوں کوخواہش کی کمی سےتعبیرکیاگیا لیکن ہم انسداد دہشت گردی کی معاونت کے حوالے سے قانون سازی چاہتے ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایف اےٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل نہیں ہے لیکن اگر پاکستان کو ایف اےٹی ایف گرےلسٹ میں ڈالاگیاتوبھی اقتصادی ترقی کونقصان نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عام پاکستانیوں تک پاکستان کےگرے لسٹ میں شامل ہونےکے اثرات نہیں پہنچیں گے ،ہماری اسٹاک ایکسچینج بھی چلتی رہے گی اور بیرون ملک سے کاروبار بھی چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معیشت کی بہتری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور پاکستانی معیشت ترقی کےراستے پرآگے بڑھتی رہے گی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان سی ٹی ایف صلاحیتوں میں بہتری کیلئےکام کررہاہے اور امید ہے کہ جون سےاگلے 12ماہ تک گرے لسٹ سے ہٹا دیا جائےگا۔