پاکستان کے ساتھ ماضی کو بھلا کر نئے باب کا آغاز چاہتے ہیں، افغان صدر

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو امن کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن طالبان کے ہاتھ میں ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی پیشکش کی اور اس سلسلے میں انہیں کابل میں دفتر کھولنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

صدر اشرف غنی نے طالبان اور ان کے اہل خانہ کو ویزا اور پاسپورٹ کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان رہنماؤں پر عائد پابندی ختم کرنے کے لئے کام کریں گے۔

افغان صدر کا کہنا ہے کہ افغانستان کو محفوظ ملک بنانے کے لئے طالبان ہمارا ساتھ دیں۔

صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے بھی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور ماضی کو بھلا کر نئے باب کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

افغان صدر نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان سے حکومتی سطح پر مذاکرات کرے جس کے لئے بہترین مقام کابل ہے ۔

خیال رہے کہ کابل میں آج عالمی کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے جس میں پاکستان، اقوام متحدہ اور نیٹو سمیت 25 ممالک اور مختلف تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔

Comments
Loading...