
سینیٹ الیکشن میں دولت جیت گئی، سیاست ہار گئی: سراج الحق
کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کامیاب سینیٹرز سے حلف لیا جائے کہ آپ نے ووٹ خریدا ہے یا نہیں، سچ تو یہ ہے کہ سینیٹ الیکشن میں دولت جیت گئی، سیاست ہار گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں بھر پور کرپشن دیکھنے میں آئی، سینیٹرز اب اپنا خسارہ پورا کریں گے یا عوام کی خدمت کریں گے؟ ایسے اقدامات سے لوگوں کا بیلٹ باکس سے اعتماد ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹیوں کے اندر بھی الیکشن کمیشن کی نگرانی الیکشن ہونے چاہیے، ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سیاست سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، سچ تو یہ ہے کہ سینیٹ الیکشن میں دولت جیت گئی۔
حکمران جماعت پر تنقدید کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایوانوں میں موجود معاشی دہشت گردوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا، قوم کا پیسہ کسی ادارے کو معاف کرنے کا حق نہیں، پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، لوٹ مار کرنا حکومت ہے تو ہم ایسی حکومت برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 6 مہینے میں پیٹرول کی قیمت میں 20 بار اضافہ ہوا، پی آئی اے کسی دور میں پاکستان کی عزت کی نشانی تھی لیکں چوروں کے باعث قومی ادارہ ناکامی سے دوچار ہے، ملک کو بچانا ہے تو کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
کراچی کے سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، کراچی کی سیاست کو کس کے ہاتھوں فروخت کیا گیا؟