پاک بحریہ و فضائیہ کا لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی : پاک بحریہ و فضائیہ نے فضا سے سطح سمندر اور سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والے لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میزائل فائرنگ کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود بھی موجود تھے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فائرنگ رینج کا مظاہرہ بحری مشق ’رباط‘ کے اختتام پر کیا گیا جس میں پاک فضائیہ نے میزائل جے ایف 17 تھنڈر ایئر کرافٹ سے فائر کیا جب کہ پاک بحریہ نے میزائل ایف 22 پی جنگی جہاز جسے پاک بحریہ میں پی این ایس سیف کا نام دیا گیا ہے، سے فائر کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پی این ایس سیف نے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والا میزائل سی 802 فائر کیا جب کہ جے ایف 17 تھنڈر نے بھی فضا سے سطح سمندر پر اِسی میزائل کے ذریعے ہدف کا نشانہ بنایا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا جو پی این ایس نصر میں موجود تھے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں میزائلز نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

ترجمان کے مطابق میزائل تجربہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

سربراہ پاک نیوی ایڈمرل ظفر محمود نے کہا کہ پاک بحریہ اور فضائیہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس موقع پر پاک بحریہ اور پاک فضائیہ نے مشترکہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا۔

Comments
Loading...