ترکی میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی سفارتخانہ بند

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارتخانے کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بند کردیا گیا۔

انقرہ میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سفارتخانے کو عارضی طور پر عوام کے لیے بند کیا گیا ہے اور پیر 5 مارچ کو پبلک سروسز بند رہیں گی البتہ ہنگامی سروسز جاری رہیں گی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ سفارتخانے کی بندش کے دوران ویزا انٹرویوز اور دیگر سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی تاہم سفارتخانے کے دوبارہ کھلنے اور سفارتی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سفارتخانے نے ترکی میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ سفارت خانے کی عمارت دور اور پُرہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں اور سفر میں احتیاط سے کام لیں۔

دوسری جانب انقرہ کے گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حساس اداروں نے دہشت گردوں کی جانب سے امریکی سفارتخانے اور امریکی شہریوں کی رہائش گاہوں کو نشانے بنانے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے۔

خیال رہے کہ ترک پولیس نے دارالحکومت انقرہ سے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش کے 12 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے بعد امریکی سفارتخانے کو بند رکھنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

Comments
Loading...