
کرائسٹ چرچ : انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں کل پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سےہوگا، انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں پیش قدمی کیلئے پاکستان کو مضبوط جنوبی افریقہ کو ڈھیر کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں قومی ٹیم کل جنوبی افریقہ کے مد مقابل ہوگی، کرائسٹ چرچ میں ہونے والے اہم میچ میں دونوں ٹیموں کیلئے میچ آر یا پارکی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔
میگا ایونٹ میں قومی ٹیم ایک میچ افغانستان سے ہاری ہے جبکہ آئر لینڈ اور سری لنکا کے خلاف پاکستان ٹیم کامیاب رہی تھی۔
ادھر جنوبی افریقہ بھی تین میں سے ایک میچ ہار چکی ہے، پاک انڈر نائنٹین ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لئے تیاریاں تیز کردی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیان شب ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر19 ٹیم پہلے میچ میں اچھا آغاز نہیں کرسکی تھی، میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 188 تک محدود کردیا تھا۔ جواب میں افغان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا۔
دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے آئر لینڈ ٹیم کو188 رنز پر آؤٹ کرکے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ پر ہی حاصل کرلیا تھا، میچ کی خاص بات پاکستانی پیسر شاہین آفریدی کی 97 رنز دے کر چھ وکٹیں تھیں۔