کراچی کے عوام عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے عوام عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے۔

کراچی کے علاقے ملیر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پیسے پر بات نہیں نظریات پر بات کرتےہیں اور پیپلز پارٹی نے اپنے نظریاتی کارکنان سینیٹ انتخابات میں کھڑے کیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی کا ہو اور اس حوالے سے باقی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور ہم عوام کےلیے کام کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کو بہترین انتقام سمجھتی ہے جبکہ نواز شریف اداروں میں ٹکراؤ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں عدالتی اصلاحات چاہتے ہیں کیونکہ عدالتی اصلاحات جمہوریت کےلیے ضروری ہیں لیکن ہمیں عدالتی اصلاحات پارلیمنٹ کے ذریعے لانی ہیں۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی کہا اور اب بھی کہتا ہوں کہ آئیں کراچی سے الیکشن لڑیں لیکن ہم عمران خان کو کراچی سے جیتنے نہیں دیں گے کیونکہ خان صاحب کی سیاست نفرت کی سیاست ہے اور کراچی کے عوا م نفرت کی سیاست نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی بلا تفریق حساب کی پالیسی ہے اور ہم دہشت گردوں کے ساتھی کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام الیکشن میں عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے۔

Comments
Loading...