‘اگلی ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے چیئرمین سینیٹ کیلئے رضا ربانی کا نام دیا’

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ابھی ایک ہارس ٹریڈنگ کا عملی نمونہ دیکھا اور رضا ربانی کا بطور چیئرمین سینیٹ نام اس لیے دیا کہ اگلی ہارس ٹریڈنگ کو روکا جائے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے کمرے میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ  رضا ربانی اپنا کام اچھے طریقے سے کرتے ہیں اور موزوں آدمی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ سے متعلق قانون سازی ہونی چاہیے جس کے لیے ہم تیار ہیں، بلوچستان میں دو تین ماہ پہلے ہی ہارس ٹریڈنگ شروع ہو گئی تھی جو ایک بری ریت ہے اور اس کا سد باب ہونا چاہیے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سینیٹ میں واحد اکثریتی جماعت ہیں اور ہمارا حق ہے کہ اپنا امیدوار دیں، مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی اور حاصل بزنجو کو ملا کر اچھی تعداد بن جاتی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی تو آصف زرداری سے کافی دوستی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بھی بڑے دوست ہیں۔

Comments
Loading...