
سینیٹ کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کون ہیں؟
اکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی پر ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ہی مہربان رہی ہیں۔
صادق سنجرانی کا تعلق چاغی سے ہے اس علاقے کی عالمی وجہ شہرت پاکستان کا ایٹمی دھماکہ اور سینیڈک پراجیکٹ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
صادق سنجرانی کے والد خان محمد آصف سنجرانی ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں جبکہ ایک بھائی رازق سنجرانی سینڈیک میں ڈائریکٹر جبکہ دوسرے بھائی میر محمد سنجرانی بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ثنا اللہ زہری کے مشیر رہ چکے ہیں۔
صادق سنجرانی کا عوامی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا بلکہ ان کی پہچان ایک کاروباری شخصیت کی ہے۔ ان کا کاروبار بلوچستان کے علاوہ دبئی میں بھی پھیلا ہوا ہے۔
وہ 1998 میں میاں نواز شریف کے کوآرڈینیٹر رہے، بعد میں دس سال انھوں نے حکومت سے کنارہ کشی اختیار کی۔
جب 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو انھیں یوسف رضا گیلانی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا اور وہ پانچ سال تک اسی منصب پر فائز رہے۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین کے لیے انوارالحق کاکڑ اور صادق سنجرانی کے نام پیش کیے تھے، جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے صادق سنجرانی کا نام منظور کیا، جس کے بعد ان کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا، تاہم مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہداللہ خان کا کہنا ہے کہ صادق کا نام وہاں سے ہی آیا ہے جہاں سے نام آتے ہیں۔
سینیٹر صادق سنجرانی آصف زرداری سے قریبی تعلقات رکھتے ہیں، کہا جاتا ہے کہ ان کی ہی ہدایت پر صادق سنجرانی کو یوسف رضا گیلانی کا کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا تھا۔
کاروباری شخصیت

صادق سنجرانی کی طرح ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار سلیم مانڈوی والا کا بھی عوامی سیاست سے کوئی تعلق نہیں رہا اور وہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اس سے قبل ان کا شناحت ایک کاروباری شخصیت کی تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 2008 کے دور حکومت میں سلیم مانڈوی والا کو چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مقرر کیا گیا تھا۔ 2012 میں وہ سندھ سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے اور انھیں وزیر مملکت برائے خزانہ لگایا گیا بعد میں عبدالحفیظ شیخ کے مستعفی ہو جانے کے بعد انھیں وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سونپا گیا۔
سلیم مانڈوی والا امریکہ کے فورٹ ورتھ ہوا بازی سکول سے گریجوئیٹ ہیں۔ ان کا گھرانہ کراچی میں سنیما اور ریئل اسٹیٹ کے کاروباری سے منسلک ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا سیاسی اور نظریاتی معاملات پر گفتگو کرنے سے احتیاط برتے ہیں لہٰذا ٹی وی چینلز پر شاذ و نادر ہی نظر آتے ہیں۔
چیئرمین کے امیدوار صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کے درمیان تین باتیں مشترکہ ہیں۔ سلیم مانڈوی والا کا کاروباری تعلق بلوچستان سے بھی ہے وہ صوبے کے سب سے بڑے صنعتی ضلعے لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر رہے چکے ہیں، دونوں نے ہی یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں کام کیا ہے اور دونوں امیدوار آصف علی زرداری کی قربت رکھتے ہیں۔