نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، قمر زمان کائرہ

سلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل  ہے، میاں صاحب نے ماضی میں بی بی شہید کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا تھا، آپ کو جیل بھیجنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ابھی تو نیب کے چکر کاٹ رہے ہیں، بعد میں سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، موجودہ حکمران جمہوری تسلسل کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ میاں صاحب منافقت ہم نہیں آپ کررہے ہیں، آپ تو معاہدہ کرکے سعودی عرب چلے گئے تھے، پیپلزپارٹی معاہدہ کرکے بھاگنے والی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو تماشا کہا گیا، ن لیگ کا امیدوار جیت جاتا تو کہتے الیکشن ٹھیک ہوا، اب تو ایوانوں میں اگلی باری زرداری کے نعرے لگ گئے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وہ لوگ کہتے ہیں سیاست نہیں منافقت ہورہی ہے، نواز شریف سے کہتا ہوں بتائیں منافقت کہاں ہورہی ہے؟ سینیٹ انتخابات سے پہلے کہتے تھے کہ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، کہا جاتا تھا کہ روک سکو تو روک لو، ہم نے روک لیا۔

Comments
Loading...