پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی آج اپنی بقا کی جنگ لڑے گی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے آج کھیلے جانے والے انتہائی اہم میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کراچی کنگز کے خلاف ایونٹ میں رہنے کے لئے بقا کی جنگ لڑے گی جب کہ آج دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے لئے پشاور زلمی کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں کیوں کہ اس کے پاس ایونٹ کے 2 میچز ہیں اور ایک میچ میں بھی شکست اسے ایونٹ سے باہر کرسکتی ہے۔

ایونٹ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں اور مزید دو ٹیموں کو اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے جس کے لئے کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے  اور اگلے مرحلے میں جانے کے لئے  اسے اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔

آج پشاور زلمی کے خلاف میچ جیتنے کی صورت میں کراچی کنگز پلے آف کے لئے کوالیفائی کرجائے گی تاہم اگر اسے شکست ہوئی تو ڈیرن سیمی الیون کے پاس اگلے مرحلے میں جانے کے لئے اپنا دسواں میچ جیتنا ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس پلے آف مرحلے میں جانے کے لئے دو میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی درکار ہے۔

ملتان سلطانز اپنے تمام 10 میچز کھیل چکی ہے اور 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، اگر پشاور زلمی اپنے دونوں میچز جیت گئی تو ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم ہے جو اپنا آخری میچ کل پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی، یاد رہے کہ ابتدائی 6 میچز میں ناکامی کے بعد میکولم الیون نے مسلسل تین میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Comments
Loading...