کبڈی ورلڈکپ: پاکستان آ کر بہت عزت ملی ہے: بھارتی کپتان گرلال سنگھ

لاہور:  کبڈی ورلڈکپ کے لیے شرکت کرنے والی بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گرلال سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر بہت عزت ملی ہے۔ پاکستان بھارت میں موسم بہت اچھا باقی ملکوں میں ایسا موسم نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہت مضبوط ٹیم ہے مقابلہ اچھا ہوگا۔ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی سینئر کھلاڑی ہیں دیگر کھلاڑی بھی کل تک آجائیں گے۔

گر لال سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور فیڈریشن کے بہت مشکور ہیں پاکستان میں آکر ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہماری زبان اور ثقافت آپس میں ملتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف مقابلہ سخت ہو گا، پاکستان میں آکر بہت پیار اور عزت ملی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر کھیل کے مقابلے ہونے چاہئیں۔

بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہمیشہ سے اچھا رہا ہے، دونوں ممالک میں موسم ایک جیسا ہے جس کی وجہ سے کبڈی کا ماحول بہت زبردست ملے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو پوری دنیا میں پہنچانا ہے، کبڈی ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہو رہا ہے، اگے جا کر انٹرنیشنل میراتھن بھی کروانے کا ارادہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے، اس سے پاکستان کا نام روشن ہوگا ، پنجاب میں دس انٹرنیشنل ٹیم آئیں ہیں۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے، پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کو سارا کریڈٹ جاتا ہے۔

اُدھر پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ کی دھوم مچ گئی ہے، پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں عارضی ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے، ہسپتال دس بیڈز پر مشتمل ہے، کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں عارضی ہسپتال استعمال کیا جا سکے گا، ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ٹورنامنٹ جاری رہنے تک موجود رہیں گے۔

دریں اثناء پنجاب سٹیڈیم میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہیں، کبڈی ورلڈکپ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، سٹیڈیم کے اطراف میں سراغ رساں کتوں کی مدد سے اسنیپ چیکنگ کی گئی ہے۔

قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں تمام کاروباری مراکز بند کردیئے گئے، سٹیڈیم میں انکلوژر میں صوفے اور کرسیاں لگا دی گئیں، براڈکاسٹرز نے کیمراز سیٹ کر لیے۔ شائقین کے لیے بڑی سکرین بھی نصب کردی گئیں۔

فلڈ لائٹس کو روشن کرکے چیک کرنے کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے، افتتاحی تقریب کے لیے سکول کے بچوں کی ریہرسل بھی شروع کر دی گئی۔

Comments
Loading...