
سٹاک مارکیٹ:مندی کے بادل چھٹ گئے، 417.76 پوائنٹس کی تیزی
لاہور: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھٹ گئے، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں کاروبار کے اختتام پر 417.76 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو سے تین ہفتوں کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے حصص مارکیٹ میں انڈیکس تین ہزار پوائنٹس کھو بیٹھا ہے تاہم آج کاروباری ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے مندی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ 100 انڈیکس میں 417.76 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران 846.93 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 39296.70 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث 5 حدیں بحال ہو گئی ہیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 39300، 39400، 39500، 39600، 39700 کی حدیں شامل ہیں۔
آج کاروبار کا آغاز ہی ابتدائی لمحات میں زبردست انداز میں ہوا اور پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس تقریباً 300 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 39550.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم اگلے دو گھنٹوں کے دوران غیر معمولی اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس دوپہر 12 بجے کے قریب 39460.02 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں بڑی مندی بھی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 39084.86 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر آ گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 417.76 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے بعد 39714.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں تیزی کے باعث 1.05 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 59 لاکھ 56 ہزار شیئرز کا لین دین ہوا۔ حصص کی مالیت میں تقریباً 60 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔