
عمران مافیا اپنی چوری چھپانے کیلئے مخالفین کے گھروں پر چھاپے ماررہا ہے، ترجمان (ن) لیگ
لاہور:
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان مافیا اپنی چوری ، نااہلی اور نالائقی سے نظریں ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کے گھروں پر چھاپے مار رہا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان مافیا نے 18 ماہ میں روزگار، کاروبار اور معیشت تباہ کردی، یہ مافیا اپنی چوری ، نااہلی اور نالائقی سے نظریں ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کے گھروں پر چھاپے مار رہا ہے،عمران خان مافیا شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کو جیلوں میں رکھ کر 18 ماہ میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت عدالت میں نہیں پیش کر سکا۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان مافیا پورا کا پورا غیر قانونی فارن فنڈنگ سے بنا، اس نے 18 ماہ میں 13 ہزار ارب کا قرض اور پشاور میٹرو کے 150 ارب اپنی جیب میں ڈال لئے، عوام کا آٹا ، چینی اور روٹی چوری کر لی لیکن چھاپے اپنے سیاسی مخالفین کے دفتروں پر لگوائے۔