
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کرتار پور کا دورہ، منصوبے پر خصوصی بریفنگ دی گئی
لاہور: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کرتار پور کا دورہ کیا جہاں ان کا وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان نےاستقبال کیا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اس موقع پر کرتارپور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی جس میں سکھ برادری کے مقدس مقام کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا گیا، انہیں کرتارپور کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کروایا گیا جس میں انہوں نے خصوصی دلچسپی لی۔ انتونیو گوتریس کو حکومت پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کے توسیعی منصوبے سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا جس میں بھارت کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کے باوجود سکھ برادری کو بآسانی رسائی فراہم کرنے کی پاکستانی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس سے قبل لاہور میں نجی یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں21 ویں صدی میں نوجوانوں کے اقوام متحدہ میں کردار کے موضوع پر خطاب کیا، انہوں نے ایک مقامی اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ انتونیو گوتریس آج لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اوربادشاہی مسجد بھی جائیں گے۔