
کورونا کے ساتھ لوگوں کے بھوک سے مرنے کا بھی خدشہ ہے، وزیراعظم
اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ لوگوں کے بھوک سے مرنے کا بھی خدشہ ہے، وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا عالمی ادارے ترقی پذیرممالک کو قرضوں پر ریلیف دیں۔
سرکاری ٹی وی کے ذریعے انٹرنیشنل کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے جو کہ دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، عالمی برادری سے کورونا کے غیر معمولی چیلنج پر بات کرنا چاہتا ہوں کہ کورونا کے ساتھ لوگوں کے بھوک سے مرنے کا بھی خدشہ ہے، عالمی ادارے اور رہنما اس صورتحال سے نکلنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیں، اس وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنےعوام کے لیے 2 اعشاریہ 2 ٹریلین ڈالرکا پیکیج دیا، جاپان اپنےعوام کے لیے ایک ٹریلین ڈالرخرچ کر رہا ہے، جرمنی نے اپنےعوام کے لیے ایک ٹریلین یورو کا پیکیج دیا، ترقی یافتہ دنیا کورونا کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے ساتھ معاشی اثرات سے نمٹ رہی ہے لیکن ترقی پذیر ممالک کے لوگوں کو دہری پریشانی کا سامنا ہے وہ اپنے عوام کو ایک طرف وائرس اور دوسری طرف بھوک سے بچا رہے ہیں۔